اولمپکس میں شرکت کے لیے ارشد ندیم اور فائقہ ریاض فرانس روانہ

July 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیرس اولمپکس میں شرکت کے لیے پاکستان کے ایتھلیٹس ارشد ندیم اور اسپرنٹر فائقہ ریاض بدھ کی صبح لاہور سے فرانس کے لیے روانہ ہوں گے۔

اولمپئن جیولین تھرور ارشد ندیم نے براہ راست اولمپکس میں کوالیفائی کیا ہے جبکہ فائقہ ریاض وائلڈ کارڈ پر ایتھلیٹکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

فائقہ ریاض کہتی ہیں کہ سخت حبس میں بھرپور محنت کی ہے، اولمپکس میں اپنے انفرادی ریکارڈ سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کروں گی۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے ایونٹ سے چار پانچ روز پہلے پہنچ رہی ہوں، اس سے مجھے وہاں کے موسم سے کچھ ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا۔

یہاں لاہور میں سخت حبس کے موسم میں ٹریننگ کی ہے، بہت مشکل کا سامنا بھی کرناپڑ ا لیکن اولمپکس جیسے میگا ایونٹ میں شرکت کا جنون بھی ہے اور جذبہ بھی۔ ابھی میں نے اپنے لیے کوئی ہدف متعین نہیں کیا، جب وہاں میں مقابلے کے زون میں جاؤں گی تو دیکھوں گی کہ وہاں کی کنڈیشنز میں کیا کر سکتی ہوں پھر میں ہدف متعین کروں گی۔ میرا پرسنل بیسٹ اس وقت 11.70 ہے میں اپنے انفرادی ریکارڈ کو زیادہ سے زیادہ بہتر کرنے کی کوشش کروں گی۔