آئی سی سی لیول 2 ٹیوٹرز ٹریننگ کورس مالے میں آج سے شروع

July 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق انٹرنیشنل کرکٹر اور جنرل منیجر اکیڈمیز ڈاکٹر عمران عباس 24 جولائی سے مالے، مالدیپ میں ہونے والے چار روزہ آئی سی سی لیول 2 ٹیوٹرز ٹریننگ کورس میں شرکت کریں گے۔ یہ کورس آئی سی سی کے تربیتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے تاکہ اپنے اراکین کو معیاری لیول 2 کے ٹیوٹرز سے آراستہ کیا جا سکے جس کے بعد وہ معیاری کوچز کو تربیت دے سکیں گے جس سے اراکین کو اپنے لیول 2 کے کورسز کرنے کے قابل بنایا جاسکے گا۔ کورس کی نگرانی پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر اقبال سکندر اور بنگلہ دیش کے سابق ٹیسٹ کپتان امین الاسلام کریں گے دونوں کو یہ ذمہ داری آئی سی سی نے سونپی ہے۔ آئی سی سی 29 اور 30 جولائی کو مالدیپ میں دو روزہ ہائی پرفارمنس ورکشاپ کا انعقاد کرے گا۔ ورکشاپ میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض اور موجودہ ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور سابق انٹرنیشنل کرکٹر شاہد انور شرکت کریں گے۔ ورکشاپ کو جدید ترین کوچنگ تکنیک کے ساتھ ساتھ نچلی سطح سے ٹیلنٹ کی شناخت اور نشوونما کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔