حالات اچھے نہیں، وزیراعلیٰ خود دہشت گردوں کو بھتہ دے رہے ہیں، گورنر کے پی

July 24, 2024

پشاور( نمائندہ جنگ)خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بجلی گیس اور تیل کی پیداوار خیبر پختون خوا کی ہے لیکن آئینی طور پر انہیں اس کا حق نہیں مل رہا اور یہ مقدمہ اپنے صوبے کے لیے ہمیں مل بیٹھ کر لڑنا ہے جب میں نے حلف اٹھایا تو میں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ میں صوبے اور وفاق کے درمیان اختلافات کو ختم کر کے پل کا کردار ادا کروں گا اور صوبے کا حق حاصل کرنے کے لیے کوشش کروں گا اور میری ابھی بھی یہی کوشش ہے کہ اپنے صوبے کا حق حاصل کروں جب عمران خان وزیراعظم تھے تو صوبے سے کسی نے بھی اپنا حق نہیں مانگا لوگ اپنی نوکریاں بچاتے رہے پشاور پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب گندم کی باری آتی ہے تو پنجاب ہماری لیے گندم بند کر دیتا ہے لیکن ہم گیس اور بجلی بند نہیں کرنا چاہتے ہم اپنا حق لینا چاہتے ہیں اور انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اورتمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے مل کر اپنا ایک مقدمہ وفاق کے سامنے پیش کریں گے اور میں اس کی سربراہی کروں گا ان کا کہنا تھا کہ بنوں کے حالات پر کسی کو بھی سیاست نہیں کرنی چاہیے اور مل بیٹھ کر یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے صوبے میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آٹھویں ترمیم کے بعد امن و امان کی ذمہ داری صوبے کی ہے ۔