اگست کے آخرتک آئی ایم ایف سے قرض کا معاہدہ ہوجائیگا، وزیر خزانہ

July 24, 2024

اسلام آباد(اشرف ملخم ) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مالی خلا پر بات چیت جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ قرضہ معاہدہ اگست کے آخر تک منظور ہو جائے گا۔منگل کی رات چین روانگی سے قبل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے، اعلیٰ معاشی عہدیدار نے یقین دلایا کہ یہ(چینی حکام سے )مذاکرات آئی ایم ایف کے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔ وزیر خزانہ نے جیو نیوز کو بتایا “بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کہ ایگزیکٹو بورڈ کے حوالے سے توقع ہے کہ موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد اگست کے آخر تک وہ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا،”اس مہینے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 بلین ڈالر کے قرضہ پروگرام کے لیے 37 ماہ کی مدت کے معاہدے پر پہنچا گیا۔زرعی آمدنی پر ٹیکس بڑھانے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے جیسے سخت اقدامات نے غریب اور متوسط طبقے کے پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے مہنگائی اور زیادہ ٹیکسوں کے خدشات کو جنم دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ آج رات وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) اویس لغاری کے ساتھ چین کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ دورے کے ایجنڈے میں توانائی کے شعبے کی اصلاحات اور چینی حکام کے ساتھ پانڈا بانڈز پر بات چیت سرفہرست ہیں۔