شہر کی اہم شاہراہیں کنٹینرز لگاکر بند، بدترین ٹریفک جام، ہزاروں شہری پھنس گئے

July 24, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پولیس کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں کوکنٹینرزلگا کر بند کرنے سے بدترین ٹریفک جام ہو گیا‘کئی کلومیٹرتک گاڑیوں کی قطاریں‘ہزاروں شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنس گئے‘منٹوں کا سفرگھنٹوں میں طے ہوا‘ شدید گرمی اور حبس کے باعث متعدد شہریوں کے حالت غیر ہو گئی۔منگل کو ریڈ زون میں وی وی آئی پی موومنٹ اور پریس کلب کے باہر اساتذہ کے احتجاج کے باعث پولیس کی جانب سے سرور شہید روڈ،دین محمد وفائی روڈ اور ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جس کے باعث اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری جانے والے روڈ پر بھی بیریئرز لگا دیے گئے جس کے باعث شدید ٹریفک جام ہو گیا۔شام کو دفاتر کی چھٹی کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی ۔ٹاور،آئی آئی چندریگر روڈ،ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ،آرٹس کونسل،پریس کلب، صدر ،شاہراہ فیصل ،ایم اے جناح روڈ ،کلفٹن اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ٹریفک جام میں متعدد ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں جس کے باعث مریضوں اور انکے تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کینٹ اسٹیشن اور ائیر پورٹ جانے والے مسافر بھی ٹریفک جام میں پھنس گئے۔شہر میں شدید گرمی اور حبس کے باعث کئی شہریوں کی حالت غیر ہو گئی جبکہ کئی گاڑیوں کا فیول ختم ہو گیا۔شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا اور شام کو گھروں کو نکلنے والے شہری رات گئے اپنے گھروں کو پہنچے۔