TTP ریڈ لائن، امید ہے افغان حکومت ان کے خلاف کارروائی کرے گی، پاکستان

July 24, 2024

اسلام آباد(نیوز ایجنسی) افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی آصف خان درانی نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی گروپ ملک کی ریڈ لائن ہے اور امید ہے کہ عبوری افغان حکومت اس تنظیم کے خلاف موثر کارروائی کرے گی، افغانستان سے کی جانے والی دہشتگردی نا صرف پاکستان بلکہ دیگر پڑوسی ممالک کیلئے بھی تشویش کا باعث ہے۔آصف درانی نے اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز میں پاک افغان تعلقات چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر گول میز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے کی جانے والی دہشت گردی ناصرف پاکستان بلکہ دیگر پڑوسی ممالک جیسے چین، ایران، تاجکستان اور ازبکستان کے لیے بھی تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف اقدامات کرے۔آصف درانی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور ہمیں افغان حکومت کے ساتھ صبر اور استقامت سے نمٹنا ہے۔ آصف درانی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں ایسے سماجی و اقتصادی اور سیاسی حالات کا خواہاں ہے جس کی بدولت اس وقت پاکستان میں مقیم 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی واپسی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کے ادارے پر زور دیا کہ وہ افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی کے لیے حکمت عملی تیار کرے۔