غزہ کے 80 فیصد رہائشیوں کو انخلا کی دھمکی، اسرائیلی بمباری میں مزید 89 شہید

July 24, 2024

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے 80فیصد رہائشی علاقوں میں فلسطینیوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے انہیں ’’نو گو زون ‘‘ قرار دے دیا ہے ، غزہ کے مختلف علاقوں میں صیہونی فورسز کی بمباری اور گولہ باری کے نتیجے میں 24گھنٹوں کے دوران مزید 89فلسطینی شہید اور 329افراد زخمی ہوگئے ہیں، شہداء کی تعداد 39ہزار 90اور زخمیوں کی تعداد 90ہزار 147ہوگئی ہے ، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، پیر کو خان ​​یونس میں شروع کئے گئے اسرائیلی فوج کے زمینی وفضائی آپریشن کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 73 ہو گئی ہے جن میں 24 بچے اور 15خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 270سے زائد زخمی ہوئے ۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے طولکرم میں اسرائیلی فورسز کے خونی آپریشن میں ماں اور اس کی بیٹی سمیت 5فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ،اسرائیلی فوج نے حماس کے کمانڈر کو شہید کرنے کا بھی دعویٰ کیا ۔ حماس نے کمانڈر اشرف عید نافع اور ان کے ساتھیوں کے "بزدلانہ قتل" کی تصدیق کی ہے۔ کیمپ کمیٹی کے سربراہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے کارروائی میں پانچ افراد کو شہید کیا۔ فیصل سلامہ نے کہا کہ "ایک ماں اور اس کی بیٹی اور تین نوجوان ڈرون حملے میں شہید ہوئے "۔جنین کے علاقے میثلون میں صیہونی فورسز کی فائرنگ سے زخمی 13سالہ بچہ بھی زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہوگیا ہے ۔ سیکڑوں امریکی ترقی پسند یہودی کارکنوں نے کیپٹل ہل میں کینن ہاؤس آفس کی عمارت کے روٹونڈاپر قبضہ کرلیا تھا، مظاہرین اسرائیل کو ہتھیاروں کی منتقلی کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔