شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائس چانسلر کیلئے 3 امیدوار منتخب

July 24, 2024

کراچی(سید محمد عسکری) سندھ میں وائس چانسلر کی تلاش کیلئے قائم کمیٹی نے شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے تین امیدواروں کا انتخاب کرلیا ہے۔ چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع کی زیرصدارت اجلاس میں پہلے نمبر پر پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک، دوسرے نمبر پر آئی بی اے سکھر کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ اور تیسرے نمبر پر جامعہ سندھ کے شعبہ معاشیات کے چیرمین ڈاکٹر رفیق چانڈیو کو رکھا گیا ہے۔ تلاش کمیٹی کے ایک بیوروکریٹ رکن نے جنگ کو بتایا کہ امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرنے کے بعد تینوں نام کلیئرنس کے محکمہ داخلہ بھیج دیئے گئے ہیں۔ جہاں یہ تین نام انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاس کلیئرنس کے لئے بھیجے جائیں گے جس کے بعد بعد یہ نام وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے پاس جائیں گے جہاں وہ تینوں امیدواروں کا خود انٹرویو کرکے حتمی امیدوار کا فیصلہ کریں گے۔ یاد رہے پہلے روز 14امیدواروں نے انٹرویوز ہوئے جبکہ دوسرے روز بھی 14 امیدواروں نے انٹرویوز دیئے۔ مجموعی طور پر 28 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔