شادی کا فیصلہ اور پیشکش میں نے کی تھی: سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کا شادی کے بعد دیا گیا پہلا انٹرویو وائرل

July 24, 2024

بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف، نو بیاہتا جوڑی، فلم ’دبنگ‘ کی اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال کی جانب سے شادی کے بعد دیا گیا پہلا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے شادی کے بعد دیے گئے پہلے انٹرویو میں اپنی محبت کی کہانی، آغاز، شادی کی پیشکش اور شادی کے فیصلے پر اپنے اپنے خاندان کے ردِ عمل پر کھل کر بات کی ہے۔

26 منٹ اور 52 سیکنڈ پر مشتمل اس انٹرویو میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ اس جوڑے کی منگنی30 دسمبر 2022ءکو ہی ہو گئی تھی۔

اداکار و اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اپنے والدین سے شادی سے متعلق بات کرنے، ایک دوسرے کو اپنی فیملی سے متعارف کروانے پر بھی کھل کر بات کی ہے۔

ظہیر اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے شادی سے قبل سوناکشی کو پرپوز کرنے کے لیے اداکارہ کے والد، شتروگھن سنہا سے باقاعدہ طور پر اجازت لی تھی۔

انٹرویو کے دوران بالی ووڈ کی اس خوبصورت جوڑی نے اپنی پہلی ملاقات سے متعلق بھی تفصیل سے بات کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا بتانا تھا کہ میں نے ہی ظہیر سے پہلے محبت کا اظہار کیا تھا اور شادی کی پیشکش کی تھی۔

سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ میں نے ظہیر سے کہا تھا کہ میں تم سے پیار کرتی ہوں اور میں تم سے ہی شادی کروں گی چاہے تمہیں اچھا لگے یا نہ لگے، ظہیر شروع شروع میں تھوڑا نروس تھے اور وقت لینا چاہتے تھے مگر میں اپنے اس فیصلے سے متعلق بالکل پختہ ارادہ رکھتی تھی۔