موت کی غلط افواہیں پھیلنے کے بعد جوبائیڈن منظر عام پر آگئے

July 24, 2024

فائل فوٹو

کافی وقت سے منظر عام سے غائب رہنے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن بدھ کو وائٹ ہاؤس واپس آگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے اور صدارتی امیدوار سے دستبردار ہونے کے بعد سے جوبائیڈن منظر عام سے غائب تھے۔

امریکی صدر جوبائیڈن کی عدم موجودگی نے سوشل میڈیا پر کئی افواہوں کو جنم دے دیا تھا جس میں متعدد صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ 81 سالہ جوبائیڈن کی صحت بگڑ رہی ہے اور ان کے رات تک زندہ رہنے کا امکان نہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر 5 دن سے مسلسل منظر عام سے غائب تھے، وہ کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ریاست ڈیلاویئر میں اپنے گھر پر تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس دوران سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر دنیا بھر میں (Where is Joe) (کہاں ہے جوبائیڈن) ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ جوبائیڈن کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے جبکہ خود جوبائیڈن نے بھی کہا ہے کہ میں بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جہاز کے ذریعے وائٹ ہاؤس پہنچے، جہاز میں سوار ہوتے وقت صحافی اُن سے سوال پوچھتے رہے کہ وہ کیسا محسوس کر رہے ہیں، وہ صدارتی دوڑ سے کیوں باہر ہوئے اور کیا ان کی نائب صدر کملا ہیرس ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے سکتی ہیں؟

امریکی صدر نے ان تمام سوالوں کے جواب نہیں دیے اور صرف ہاتھ سے اشارہ کیا کہ ٹھیک ہے.

غیرملکی میڈیا کے مطابق بعدازاں امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر اظہار خیال کیا کہ وائٹ ہاؤس میں واپس آنا بہت اچھا ہے، آج بریفنگ کے لیے قومی سلامتی کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی ہے۔