شارجہ میں 2 ہزار کے قریب لیپ ٹاپس چرانے والا 4 رُکنی گینگ گرفتار

July 26, 2024

فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کی پولیس نے 1840 لیپ ٹاپس چرانے والے 4 رُکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔

خلیجی میڈیا کے مطابق چرائے گئے لیپ ٹاپس کی مالیت 10 لاکھ درہم سے زائد تھی، تمام ملزمان عربی ہیں جنہیں 48 گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا گیا۔

خلیجی میڈیا کے مطابق ٹرانسپورٹ سروس کمپنی کے ملازم ایشیائی شخص نے بتایا ہے کہ وہ لیپ ٹاپس پہنچانے کے لیے جا رہا تھا جب اس گینگ نے اسے پولیس افسر ظاہر کرتے ہوئے ایک صنعتی علاقے میں روکا تھا۔

شارجہ پولیس کے مطابق اس حوالے سے معلومات کی تصدیق کے بعد افسران کی ایک ٹیم نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا اور جمع کیے گئے شواہد کی بنا پر ملزمان کا سراغ لگایا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرنے سے پہلے ان کی نگرانی بھی جاری تھی۔