2015 کے مقابلے میں آج بجلی کے ریٹ میں 350 فیصد اضافہ ہوا ہے، مفتاح اسماعیل

July 28, 2024

فائل فوٹو۔

سابق وزیر خزانہ اور عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی کا ریٹ بڑھا دیا ہے، سال 2015 سے آج کے بجلی کے ریٹ میں 350 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے خیالات کا اظہار عوام پاکستان پارٹی کے تحت مہنگی بجلی کے خلاف کےالیکٹرک ہیڈ آفس گزری کے سامنے مظاہرہ سے خطاب کے دوران کیا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اووربلنگ نہ کرو، 501 یونٹ کا بل آتا ہے، 499 کا نہیں۔ میٹر ریڈر تاخیر سے آتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بتائیں کتنے 399 اور کتنے 401 یونٹ کے بل ہیں؟ تنخواہوں میں کس کا 350 فیصد اضافہ ہوا ہے؟ بجلی کے ریٹ بڑھے ہوئے ہیں، اس پر ٹیکس بھی لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جعلی اخراجات 24 فیصد سے زائد بڑھائے ہیں۔ سینیٹ، قومی اسمبلی، ایوان صدر اور وزیراعظم ہاؤس کا خرچہ بڑھایا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اپنے اخراجات کم نہ کرو، کم از کم بڑھاؤ تو نہیں۔ ان لوگوں پر انکم ٹیکس لگاتے ہو، انکم تو ختم کردی، پھر کس بات کا انکم ٹیکس لگاتے ہو؟

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانیوں کو بجلی فری نہیں ملتی تو پھر کسی کو بجلی فری نہیں ملنی چاہیے۔ ایک یاداشت یہاں جمع کروائیں گے۔ کےالیکٹرک والوں اوور بلنگ بند کر دو۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ نیپرا قیمت طے کرتا ہے لیکن ہر پندرہ دن بعد کےالیکٹرک قیمت بڑھوانے پہنچ جاتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے 300 یونٹ فری کا کہا تھا، اگر فری بجلی نہیں دینی ہے تو نہ دو، لیکن ریٹ تو ٹھیک لگاؤ۔

انہوں نے کہا کہ عوام انتشار نہیں کرتے ہیں، جب تک لیڈر اس طرح کی تربیت نہیں دیتے ہیں۔ شرم کرو حیا کرو بجلی کے بل کم کرو۔ کمرشل بجلی پر 37 فیصد ٹیکس لگتا ہے، وزیر اعظم سے گذارش ہے بجلی کے بل کم کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ 199 یونٹ کا بل 201 یونٹ کا بل کیوں لگاتے ہو۔ لوڈ شیڈنگ سے بل کم کیوں نہیں ہوتا؟ اگر 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے تو بل کم ہونا چاہیے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کے ناقابل برداشت بلوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات ہیں۔