ہمارے معاشرے میں خواتین بھی مردوں پر ظلم کرتی ہیں: شہریار منور

July 29, 2024

اداکار شہریار منور ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار منور کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں جہاں خواتین مردوں کے ظلم کا شکار ہیں وہیں بہت سی خواتین ایسی بھی ہیں جو مردوں پر ظلم کرتی ہیں۔

شہریار منور کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں اُنہیں گھریلو تشدد کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں مردوں کو بچپن سے ہی رونے کی اجازت نہیں ہوتی اور بچپن سے ہی اُنہیں یہ سکھایا جاتا ہے کہ مرد کو درد نہیں ہوتا اور وہ مرد کبھی نہیں روتا۔

اداکار نے کہا کہ جب مرد کو درد نہیں ہوتا اور مرد روتا نہیں ہے تو پھر مرد جذباتی طور پر تنہا ہوجاتا ہے اور ایسی صورتحال میں کئی کیسز میں شادی کے بعد مرد اپنی بیویوں پر تشدد بھی کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ والدین بچپن سے ہی اپنے بچے کی پرورش اس انداز میں کرتے ہیں کہ وہ بہادر بنے، آنسو نہ بہائے اور زندگی میں کبھی کمزور نہیں پڑے۔

شہریار منور نے مزید کہا کہ پھر شادی کے بعد بیویاں شوہروں کو اپنے جذبات کا اظہار نہیں کرنے دیتیں، وہ شوہروں سے اکثر اسی انداز میں بات کرتی ہیں کہ اگر نوکری چلی گئی تو کیا ہوا آپ جلدی کوئی دوسرا کام شروع کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ مردوں پر جب بہت ساری ذمہ داریاں ڈال دی جاتی ہیں اور اُنہیں اپنے جذبات بیان کرنے کا موقع نہیں ملتا تو ان کی شخصیت میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

اداکار نے آخر میں کہا کہ ہمارے معاشرے میں بہت سی خواتین ایسی ہیں جو مردوں پر ایسے ظلم کرتی ہیں جن کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔