دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی دفترِ خارجہ آمد

July 29, 2024

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے لیے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ دفترِ خارجہ پہنچ گئیں۔

پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ دفتر خارجہ پہنچیں تو اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

اسحاق ڈار نے ابتدائی مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کے دورے پر آنے والی سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 سال میں پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے دولت مشترکہ میں اہم کردار ادا کیا، دولت مشترکہ کی اقدار کے فروغ میں پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کا کردار لائق تحسین ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کا دورۂ پاکستان اور دولت مشترکہ کے مضبوط تعلقات کے لیے ان کے عزم کا عکاس ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ 2022ء کے سیلاب میں سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ کا تعاون اور کوششیں اہمیت کی حامل تھیں۔

اسحاق ڈار نے ملاقات میں دولت مشترکہ کے پاکستان سے غیر متزلزل تعاون پر سیکریٹری جنرل کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان رکن کی حیثیت سے دولت مشترکہ اور اس کے اداروں کو بہت اہمیت دیتا ہے، یہ عالمی چیلنجز کے پیش نظر شراکت داری کو فروغ دینے کا اہم پلیٹ فارم ہے، پاکستان دولت مشترکہ کے پلیٹ سے علاقائی رابطوں کو فروغ دے گا، ہم ازبکستان پاکستان ریلوے رابطوں پر بات کر رہے ہیں، ہم تاجکستان اور دیگر ممالک سے رابطوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ریاستی تعلقات کے اصولوں کو برقرار رکھنے میں بھی دولت مشترکہ کا کردار اہم ہے، رکن ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے دولت مشترکہ کو کردار ادا کرنا چاہیے اور اقوام کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے سیکریٹری جنرل کو دولت مشترکہ کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے لیے پاکستان کے عزم کا یقین دلایا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تعلیم، نوجوانوں کے امور اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کوششوں میں پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی شراکتداری کو سراہتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا علاقائی روابط اور تجارت کا ویژن دولت مشترکہ کے ایجنڈے سے ہم آہنگ ہے، تجارتی پالیسی کی تشکیل اور برآمدات کے فروغ میں تعاون پر سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ کے مشکور ہیں۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں دولت مشترکہ کیساتھ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کو نکھارنے کے لیے دولتِ مشترکہ کیساتھ منسلک رہے گا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہم دولت مشترکہ کے نوجوانوں کے پروگرام کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

دوسری جانب، پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے کہا کہ پاکستان میں مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں، سب جانتے ہیں 33 ملین پاکستانی 2022ء کے سیلاب سے متاثر ہوئے، پاکستان نے مشکلات کا بہت ہمت سے سامنا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے دولت مشترکہ کو ہمیشہ اہمیت دی، سچ یہ ہے کہ ہماری دنیا بڑے مشکل مسائل کا سامنا کر رہی ہے اس لیے ہمیں ایک دوسرے کی جتنی آج ضرورت ہے اتنی پہلے نہیں تھی۔

پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے کہا کہ ہم بھول نہیں سکتے کہ سیلاب نے پاکستان میں 20 لاکھ لوگوں کو بے گھر کیا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ہم نوجوانوں کے لیے بھی کام کررہے ہیں، ہمارے پاس بہت کچھ کرنے کو باقی ہے، ہم دولت مشترکہ کو دنیا کے اہم مسائل کے حل کا پلیٹ فارم سمجھتے ہیں، دولت مشترکہ میں 2.7 ارب لوگ ہیں۔