پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کی حمایت نہیں کرسکتا: راجیو کھنڈیلوال

July 29, 2024

--- فائل فوٹو

بھارتی ڈراموں کے معروف اداکار راجیو کھنڈیلوال کا کہنا ہے کہ فنکاروں پر پابندی عائد کرنا ٹھیک نہیں ہے، یہ سیاست کے داؤ پیچ ہیں، سیاست دانوں کو خوش کرنے کے لیے پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کی حمایت نہیں کرسکتا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرامہ سیریل ’کہیں تو ہوگا‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار نے ایک شو کے دوران بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ چیزوں کو سیاست سے دور ہی رکھنا چاہئے، جس میں ایک شوبز انڈسٹری بھی ہے۔ جب لوگ امن کی خواہش کرتے ہیں، تو یہ لوگ اسے ہندو مسلم کہہ کر مذہبی رنگ دے دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیاست ہے، جو کہ بہت غلط ہے۔ فنکاروں پر پابندی عائد کرنے والے کون ہوتے ہیں، سیاست دان! کچھ چیزوں کو خاص طور سے جس سے دونوں ممالک کے درمیان امن بڑھ سکتا ہے، انہیں سیاست سے دور رکھنا چاہئے۔

اداکار کے مطابق ہم کوئی نہ کوئی سبب پیدا کرکے امن کو بڑھنے نہیں دیتے، اس لیے اس پر کچھ بھی کہنا فضول ہے۔ کیونکہ اگر کہیں امن ہوگا، تو سیاسی جماعتیں اسے ہندو مسلم کا زاویہ دے دیتے ہیں، جو کہ غلط ہے۔

راجیو نے زور دیتے ہوئے کہا اب ایسا تو نہیں ہوتا کہ پاکستان کی حکومت فنکاروں کو ایجنٹ کی تربیت دے کے بھیجے گی، پتہ نہیں، مجھے تو وہاں سے بہت پیار محبت ملتا ہے۔