حکومت کو واضح کہہ دیا ہے کہ مراعات ختم کرنی پڑیں گی، حافظ نعیم

July 29, 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم، وزیر اعلیٰ سمیت تمام لوگوں کیلئے طے کیا جائے کہ وہ 1300سی سی سے زیادہ کی گاڑی استعمال نہیں کریں۔

راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے، جس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو واضح کہہ دیا ہےکہ مراعات ختم کرنی پڑیں گی، ساری قربانیاں عوام سے نہیں مانگیں، خود بھی کچھ کریں۔

حافظ نعیم الرحمان نے بجلی کی قیمت کم کرنے، آئی پی پیز کا آڈٹ کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔

راولپنڈی آنے والی خواتین کارکنان کو لاہور میں روکے جانے پر حافظ نعیم نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وفاق کو کہتا ہوں رکاوٹیں ڈال کر اپنے لیے حالات خراب کر رہے ہیں، دھرنےپر کوئی فرق نہیں پڑے گا، جب آپ رکاوٹیں کھڑے کریں گے تو رکاوٹیں توڑی جائیں گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وڈیروں اور جاگیرداروں سے پوچھیں کتنے ہیں جو خواتین کو وراثت میں حق دیتے ہیں، بلاول بھٹو کے ساتھ تصویر میں بچوں کے پیروں میں جوتے نہیں تھے، بلاول بھٹو پتا نہیں کتنے لاکھ کا جوتا پہن کر سندھ کے بچوں کے ساتھ تصویر بنا رہے تھے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ دیہات میں خواتین کو کھیتوں میں جاکر کام کرنا پڑتا ہے، ہماری خواتین جفاکش اور محنتی ہیں، اس مہنگائی سے یہ خواتین بھی پریشان ہوگئی ہیں۔