افضال بھٹی اورسید قمر رضا کو قومی ایوارڈ دیئے جائیں، چوہدری عامر،غلام دستگیر، سعد اکبر

July 31, 2024

برمنگھم ( نمائندہ جنگ ) مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھنےکیلئے مضبوط ارادے اور مثبت سوچ ضروری ہے تاکہ پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات نے کیا۔ برٹش پاکستان بزنس فورم کے رہنما چوہدری عامر اور غلام دستگیر نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں اجاگر کرنے اور اوورسیز پاکستانیوں کو متحد و منظم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنےکیلئے جتنا کام سابق کمشنر اوورسیز پنجاب افضال بھٹی نے کیا وہ آج تک کوئی نہ کر سکا، افسوسناک امر یہ ہے کہ افضال بھٹی کے سبکدوش ہونے کے بعد اوورسیز کمیشن پنجاب عملا ختم ہو گیا اور کسی نے کوئی دلچسپی نہیں لی اور نہ ہی اوورسیز پاکستانیوں نے کبھی اس ادارے کو درخواست دی اور نہ مسائل حل ہوتے ہیں لیکن افضال بھٹی کے دور میں اوورسیز کمیشن میں پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی اور آج یہ سنسان ہے ،اس کی اصل وجہ دلچسپی اور اپنے کام کے ساتھ دیانت داری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے کام ہوتے تھے، سابق کمشنر اوورسیز کے کام اور دیانت داری ، مخلصانہ کاوشوں پرافضال بھٹی قومی ایوارڈ کے مستحق ہیں ،جنہوں نے پاکستان کا نام بلند اور روشن کیا ایسے محب وطن پاکستانیوں کو ں ایوارڈ ملنا چاہئے ۔دریں اثناء معروف تھنک ٹینک سعد اکبر نے کہا کہ انسانیت کی خدمت عبادت ہے، افضال بھٹی دکھی انسانیت کی خدمت اور فلاحی کام میں حصہ لے کر معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں ۔افضال بھٹی نے بحیثیت اوورسیز کمشنر وہ غیر معمولی خدمات سرانجام دی جس کی مثال نہیں ملتی ،انھوں نے کہا کہ افضال بھٹی اور سید قمر رضا کو قومی ایوارڈز دیئے جائیں تاکہ خدمات سرانجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی ہو۔