پیرس اولمپک، پانچویں روز چین کا میڈل ٹیبل پر قبضہ

August 01, 2024

پیرس اولمپک کے پانچویں روز چین نے میڈل ٹیبل پر قبضہ جمالیا، چین 9 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے، چین کے سوئمر پین زینلے نے سوئمنگ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

پیرس اولمپکس کے باقاعدہ مقابلوں کے پانچویں روز ٹرائی تھلون کے وویمن انفرادی ایونٹ میں فرانس کی کیسنڈرے نے گولڈ میڈل جیتا، اسی ایونٹ میں سوئٹرزلینڈ کی جولی ڈیرن نے چاندی اور برطانیہ کی بیتھ پوٹر نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

ٹرائی تھلون کے مینز انفرادی ایونٹ کا گولڈ میڈل برطانیہ کے ایلکس ای نے اپنے سینے پر سجایا جبکہ نیوزی لینڈ کے ہیڈن ولڈی اور فرانس کے لیو برجیری نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

ڈائیونگ میں وویمن سنکرونائزڈ ٹین میٹر پلیٹ فارم کا گولڈ میڈل چین نے اپنے نام کیا، شمالی کوریا دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر رہا، روئنگ میں مینز کواڈریپل اسکلز فائنل میں سونے کا تمغہ نیدرلینڈز نے جیتا، اٹلی چاندی اور پولینڈ کانسی کے تمغے کا حقدار ٹھہرا۔

روئنگ کے ہی وویمن کواڈ ریپل اسکلز فائنل میں طلائی تمغہ برطانیہ کے ہاتھ آیا، نیدرلینڈز نے چاندی اور جرمنی نے کانسی کے تمغے جیتے، بی ایم ایکس فری اسٹائل سائیکلنگ کے وویمن پارک فائنل میں چینی سائیکلسٹ گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہیں، امریکا نے چاندی اور آسٹریلیا نے کانسی کا میڈل جیتا۔

اسی ایونٹ کے مینز فائنل میں ارجنٹینا نے گولڈ میڈل جیتا جو پیرس اولمپکس میں اُس کا پہلا سونے کا تمغہ بھی بنا، ہوزے ٹوریس برطانیہ اور فرانس کے سائیکلسٹس پر بازی لے گئے، گوئٹے مالا نے پہلا گولڈ میڈل شوٹنگ کے وویمن ٹریپ فائنل میں حاصل کیا، اُن کی شوٹر روآنو اولیوا ایڈریانا نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ایونٹ میں چاندی کا تمغہ اٹلی کی اسٹینکو اور آسٹریلیا کی اسمتھ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

جوڈو کے وویمن 70 کلو گرام فائنل میں کروشیا کی باربرا میٹک نے سونے کا تمغہ جیت لیا، جرمنی کی مرییام نے چاندی، بیلجیئم کی گیبریلا ولیمز نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

جوڈو کی مینز 90 کلو گرام کیٹیگری جارجیا کے لیشا بیکا یوری نے گولڈ میڈل جیت لیا، اُنہوں نے فائنل میں جاپانی جوڈوکا موراؤ سیشیرو کو دس ایک سے مات دی، وویمن کینونگ سیلالوم کے سنگلز کے فائنل میں آسٹریلیا کی جیسیکا فوکس نے گولڈ میڈل جیتا، یہ جیسیکا کا پیرس اولمپکس میں دوسرا سونے کا تمغہ ہے، اس سے قبل اُنہوں نے کینوئنگ سیلالوم کی کے ون کلاس میں گولڈ جیتا تھا۔ جرمنی چاندی اور امریکا کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

آرٹسٹک جمناسٹک کے مینز آل راؤنڈ فائنل میں جاپان کے اوکا شینو سوکے نے اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتا، اس ایونٹ میں چین نے چاندی اور کانسی کے تمغے اپنے نام کیے، فینسنگ کے مینز سیبر ٹیم فائنل میں جنوبی کوریا نے ہنگری کو اکتالیس کے مقابلے میں پینتالیس پوائنٹس سے شکست دی۔

سوئمنگ کے وویمن سو میٹر فری اسٹائل فائنل میں سوئیڈن کی سارہ سوئسٹروم نے گولڈ میڈل جیت لیا، امریکا کی ٹوری ہسکے نے چاندی اور ہانگ کانگ کی ہوگ ہی نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے، مینز دو سو میٹر بٹر فلائی میں فرانس کے لیون مرچنڈ نے سونے کا تمغہ جیتا، ہنگری کے کرسٹوف ملاک نے چاندی اور کینیڈا کے لیا قارن نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

سوئمنگ کے وویمن پندرہ سو میٹر فری اسٹائل میں امریکا کی کیٹی لیڈسکی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، گیمز میں یہ امریکا کا پانچواں سونے کا تمغہ تھا، اسی ایونٹ میں فرانس نے سلور اور جرمنی نے برانز میڈل حاصل کیے۔

میزبان فرانس نے سوئمنگ کے مینز دو سو میٹر بریسٹ اسٹروک میں سونے کا تمغہ جیتا، اُن کے پیراک لیون مرچنڈ نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا، آسٹریلیا نے چاندی اور نیدرلینڈز نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

سوئمنگ کے میز سو میٹر فری اسٹائل فائنل میں چین کے پین زینلے نے نئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا، سابقہ ریکارڈ بھی پین زینلے کا تھا، اس ایونٹ میں آسٹریلیا نے سلور اور رومانیہ نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔