اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کا پہلا خطاب

August 01, 2024

فائل فوٹو

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اپنے دشمنوں کو عبرت ناک جواب دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ خطاب تقریباً 5 منٹ تک ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا۔

تاہم اس دوران انہوں نے تہران میں قتل ہونے والے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

اس کے برعکس انہوں نے بیروت میں مارے گئے حزب اللہ کے ایک سینئر اہلکار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ میں جاری جنگ بندی کے دباؤ میں آجاتا تو کبھی بھی حماس کے رہنماؤں اور دیگر ہزاروں دہشتگردوں کو ختم نہیں کرسکتا تھا۔

تل ابیب میں خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے مزید کہا کہ آنے والے دن اسرائیل کے لیے چیلنجنگ ہیں۔ اسرائیل اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ حماس، حزب اللّٰہ اور حوثیوں پر تابڑ توڑ حملے کیے ہی، اسرائیل نے حزب اللّٰہ چیف آف اسٹاف فواد شکر سے بدلہ لے لیا ہے، اسرائیل پر حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کی پراکسیز کو منہ توڑ ردعمل دیا ہے۔ اسرائیل اپنے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور طاقت سے جواب دے گا۔ شہریوں کو مشکل دنوں کا سامنا ہوگا لیکن اسرائیل ہر طرح کی صورتحال کےلیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے تاحال حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔