گرفتار باپ بیٹے آئی ایس آئی ایس کیلئے کام کر رہے تھے: کینیڈین پولیس

August 01, 2024

فائل فوٹو

کینیڈین پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے باپ بیٹے 62 سالہ احمد فواد مصطفیٰ الدیدی اور 26 سالہ مصطفیٰ الدیدی پر دہشت گردی اور پُرتشدد حملوں کی منصوبہ بندی کے 9 الزامات عائد کر دیے ہیں۔

رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس (آر سی ایم پی) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ٹورانٹو ملزمان کا نشانہ تھا اور حملوں میں کلہاڑی اور چاقو کا استعمال بھی کیا جانا تھا۔

آر سی ایم پی کے اسسٹنٹ کمشنر میٹ پیگز اور سپرنٹنڈنٹ جیمز پار نے بتایا کہ ملزمان آئی ایس آئی ایس کے لیے کام کر رہے تھے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ میں یہ نہیں بتا سکتا کہ ملزمان کے اصل اہداف کیا تھے مگر وہ اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے قریب ترین تھے۔

اس سوال کا جواب بھی قبل از وقت ہے کہ یہ پُرتشدد منصوبہ مقامی طور پر تشکیل دیا گیا یا مکمل طور پر بیرونِ ملک میں بنایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو مقامی ہوٹل کے ایک کمرے سے حراست میں لیا گیا۔

پولیس کو اس منصوبے کی اطلاع جولائی کے آغاز میں ہو گئی تھی۔