اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی جی نادرا کی ڈگری سے متعلق ایچ ای سی اور نادرا کے آرڈرز معطل کر دیے

August 02, 2024

---فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نادرا کے ڈائریکٹر جنرل کی ڈگری کی تصدیق نہ کرنے کے خلاف کیس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور نادرا کے آرڈرز معطل کر دیے۔

یاد رہے کہ ایچ ای سی نے نادرا کے ڈائریکٹر جنرل کی ڈگری کی تصدیق کا اکاؤنٹ بلیک لسٹ کر رکھا ہے۔

اس کیس سے متعلق آج اسلام آباد ہائی کورٹ میںجسٹس محسن کیانی نے سماعت کی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ایچ ای سی اور نادرا کے آرڈرز معطل کرتے ہوئے دونوں اداروں کو ڈی جی نادرا کے خلاف کوئی ایکشن لینے سے بھی روک دیا۔

جسٹس محسن کیانی نے سماعتکے دوران اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ نے بھی کسی کی بات نہیں مانی ہوگی تو ڈگری تصدیق نہیں ہو رہی ہوگی، کراچی یونیورسٹی کا ریکارڈ جِن کے پاس ہے وہ کہتے ہیں کہ جج ہم سے معاملات طے کر لے، سب ریکارڈ ٹھیک ہو جائے گا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ نادرا نے ڈگری کی تصدیق نہ ہونے پر ڈائریکٹر جنرل نادرا کو پُول میں شامل کرنے کا آرڈر دے رکھا ہے۔