پنجاب حکومت 5 مرلے تک کے پلاٹ پر گھر بنانے والوں کو بلا سود قرض دے گی

August 04, 2024


وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز : فوٹو فائل

پنجاب حکومت 5 مرلے تک کے پلاٹ پر گھر بنانے والے 70 ہزار افراد کو بلا سود قرضہ دے گی، لاگت کا بوجھ کم کرنے کے لیے سبسڈی بھی دے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے فارم ڈی سی اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکیں گے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پائلٹ پروگرام کے ماڈل گھر تیار کر لیے گئے اور وزیراعلیٰ 14 اگست کو اسکی لانچنگ کریں گی۔

وزیراعلیٰ نے پلاٹ پر قرض حاصل کرنے والوں سے سروس چارجز لینے سے روک دیا اور حکم دیا کہ ٹال فری نمبر متعارف کروایا جائے۔

انہوں نے ماڈل گھروں کے نقشے میں لیونگ روم بھی شامل کرنے کی ہدایت کی، ایک تا 5 مرلہ تک پلاٹ کے 70 ہزار افراد کو گھر بنانے کےلیے بلا سود قرض ملے گا۔