کشور کمار کی 95ویں سالگرہ، گلوکار کی زندگی کے کچھ حقائق پر ایک نظر

August 04, 2024

تصویر سوشل میڈیا۔

بھارتی موسیقی کی تاریخ میں کشور کمار کو سب سے بڑا، انتہائی بااثر اور متحرک گلوکار سمجھا جاتا ہے، انکی ایک خوبی یہ تھی کہ وہ گلوکار کے ساتھ اداکار اور موسیقار بھی تھے۔

انہوں نے 28 نامزدگیوں میں سے آٹھ فلم فیئر ایوارڈ برائے مرد گلوکار اپنے نام کیے جو بذات خود ایک ریکارڈ ہے۔

واضح رہے کہ 4 اگست انکی تاریخ پیدائش ہے اور آج انکا 95واں جنم دن منایا جارہا ہے، وہ چار اگست1929 کو مدھیہ پردیش کے کھنڈوا شہر میں پیدا ہوئے اور 13 اکتوبر1987 کو ممبئی میں چل بسے۔

کشور کمار گلوکار بپی لہیری کے ماموں تھے۔ انھوں نے اداکاری کے بعد گلوکاری شروع کی اور ابتدا میں کے ایل سہگل کے انداز کو اپنا وہ عظیم پاکستانی گلوکار احمد رشدی سے کافی متاثر تھے۔

ایس ڈی برمن کی سرپرستی میں انہوں نے کیریئر کو آگے بڑھایا، اس کے بعد انکے بیٹے آر ڈی برمن کے ساتھ سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران انہوں نے دیو آنند اور راجیش کھنہ کے بہترین گیت گائے، یاد رہے کہ انہوں نے راجیش کھنہ کے245 گانے گائے۔

بھارت میں ایمرجنسی کے دوران ان سے کانگریس پارٹی کی ممبئی میں ریلی کے لیے گیت گانے کو کہا گیا، انکے انکار کی وجہ سے ان پر سرکاری آل انڈیا ریڈیو اور دور درشن پر پابندی لگائی گئی۔

ایک اور اہم دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ انہوں نے چار بار شادیاں کیں۔ انکی پہلی اہلیہ روما گوہا ٹھاکرتا، دوسری لیجنڈری اداکارہ مدھوبالا جن سے شادی کے لیے انھوں نے وقتی طور پر اسلام بھی قبول کیا لیکن مدھو بالا کی موت کے بعد دوبارہ ہندو بن گئے۔

بعدازاں انہوں نے اداکارہ یوگیتا بالی اور چوتھی شادی لینا چندراوارکر سے کی جو کشور کمار کی موت تک قائم رہی۔