دہشت گرد حملے جہاد نہیں جہالت ہے‘ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

August 05, 2024

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے ‘ہمارا مقابلہ اندرونی اور بیرونی سازشوں سے ہے‘دہشت گرد جو حملے کر رہے ہیں یہ جہاد نہیں جہالت ہے‘یہ جہادی نہیں جاہل ہیں ‘اپنے مسلمان بھائیوں کو مارنا جہاد نہیں ہے‘دہشت گرد اپنی اصلاح کریں لوگوں کو شہید نہ کریں‘ انہوں نے صوبے کی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں شہدا کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا بھی اعلان کردیا۔پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پیسے ہوں نہ ہوں مگر ہماری ترجیح ہوگی کہ پولیس کو وسائل فراہم کریں‘فوجی کا بیٹا اور بھائی ہوں‘فوج اور تمام محکمے جنہوں نے شہادتیں دی ہیں ان سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ جب تک امن قائم نہیں ہوگا ملک خوش حال نہیں ہوسکتا۔وزیراعلیٰ نے ٹریفک جرمانوں کا 20 فیصد شہدا کے خاندانوں کو دینے کا اعلان بھی کیا۔