ٹرائل پر پتہ چلے گا ثبوت کس قدر اہم ہیں، بانی پی ٹی آئی معاملے کو الجھا رہے ہیں، رانا ثناء

August 07, 2024

فائل فوٹو۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جب ٹرائل ہوگا تب پتہ چلے گا ثبوت کس قدر اہم ہیں۔ بانی پی ٹی آئی معاملے کو الجھا رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے راناثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو پتہ ہے ویڈیوز میں انکے اپنے لوگ موجود ہیں۔ یہ سب کچھ ان لوگوں نے خود کرایا ہے۔

راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ کیا ٹرائل ہوگیا جو کہانی ختم ہوگئی۔ جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا، کیا یہ جلاؤ گھیراؤ میں ملوث نہیں تھے؟ ان لوگوں نے جرم کیا ہے، جس پر انکو گرفتار کیا گیا، ٹرائل مکمل نہیں کیا گیا۔

راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ہم بھی یہیں ہیں، فتنہ فساد کا پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔ ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، ادارے ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ آدمی ریاست کے خلاف کھڑا ہے، ملک کو کسی حادثے سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ یہ ملک میں فتنہ، فساد پھیلاناچاہتے ہیں۔ 2011 سے 2024 تک انکی سیاست اینٹی اسٹیٹ رہی ہے۔