فلسطین میں اسرائیل کی جنگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، اسحاق ڈار

August 07, 2024

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی جنگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، تہران میں اسماعیل ہنیہ کے قتل نے کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

جدہ میں اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس ہوا، جس کے ایجنڈے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت اور ایران کی خود مختاری کے خلاف اسرائیل کی جارحیت شامل تھی۔

اجلاس میں پاکستان، ایران، اردن، بنگلہ دیش، فلسطین، ماریطانیہ، مراکش،کیمرون اور یمن سمیت دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شریک تھے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں، پاکستان کی قومی اسمبلی نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی، غزہ میں گزشتہ 9 ماہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، اسرائیل نے غزہ میں اسکولوں، اسپتالوں، امدادی قافلوں اور پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا، اسرائیل نے انسانی بنیادوں پر جانے والی امداد بھی روک رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، امت مسلمہ کو او آئی سی سے بہت ساری توقعات ہیں، دنیا کو اس وقت جنگ نہیں امن کی ضرورت ہے، اسرائیلی مظالم روکنے کےلیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیل کے خلاف فیصلہ دیا، غزہ تک امداد کی فراہمی کےلیے تمام راستے کھولے جائیں۔