بنگلہ دیش، صورتحال معمول پر آنے لگی، عبوری حکومت آج حلف اٹھائے گی، جنرل وقار

August 08, 2024

ڈھاکا (اے ایف پی، جنگ نیوز) بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد صورتحال معمول پر آنے لگی،کاروبار زندگی بحال ہونا شروع ہوگیا، گارمنٹس فیکٹریوں نے بھی دوبارہ کام شروع کردیا .

طلبہ تحریک نے اپنا اہم مطالبہ منوالیا ، پروفیسر محمد یونس عبوری حکومت کی سربراہی کریں گے ، آرمی چیف وقار الزمان نے کہا ہے کہ ملک میں صورتحال بہتر ہورہی ہے، تین چار روز میں حالات معمول پر آجائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ محمد یونس کی واپسی پر عبوری حکومت جمعرات کی رات تک حلف اٹھا لے گی.

نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے عوام سے پرسکون رہنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر کے لیے تیار ہو جائیں ، دوسری جانب برطرف انٹیلی جنس چیف میجر جنرل ضیا الاحسن کو ملک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ہے.

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ضیا الاحسن کو طیارے سے گرفتار کر کے ڈھاکا چھاؤنی منتقل کردیا گیا، بنگلہ دیش کے نئے تعینات ہونے والے پولیس چیف نے ملک میں ہونے والے حالیہ پرتشدد مظاہروں کے دوران افسران کے طرز عمل پر معافی طلب کرتے ہوئے ہلاکتوں کی ’’غیر جانبدار‘‘ تحقیقات کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بنگلہ دیش میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی رہنما اور سابقہ وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیاء نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے حامیوں کو ملک کی موجودہ صورتحال میں صبر سے کام لینے کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’کوئی تباہی نہیں، کوئی انتقام نہیں۔ آئیے محبت، امن اور علم پر مبنی معاشرہ قائم کریں۔‘

‘تفصیلات کے مطابق ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں بنگلادیشی آرمی چیف کا نے کہ پولیس فورس کی بحالی کا کام کر رہے ہیں۔

فضائیہ اور بحریہ سربراہان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔جنرل وقار الزماں کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے تمام اہلکار فی الحال پورے ملک میں تعینات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس سے بھی ابھی بات کی ہے جبکہ فوجی رہنماؤں نے طلبہ رہنماؤں، سیاسی جماعتوں اور صدر سے بھی بات چیت کی ہے۔