کراچی: شاہ فیصل کالونی و برنس روڈ پر رینجرز کی کارروائی، اسلحہ برآمد

July 27, 2016

رینجرز نے کراچی کے 2علاقوں شاہ فیصل کالونی اور برنس روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے زیر استعمال اسلحہ، راکٹ لانچر اور ہیوی مشین گن برآمد کرلیں۔ اسلحہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور بے امنی پھیلانے میں استعمال ہوتا تھا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پر شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کی گئی۔ کارروائی میں سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے زیر استعمال خطرناک اسلحہ کا ذخیرہ قبضے میں لے لیا گیا۔

قبضے میں لیے گئے اسلحے میں ایک آرپی جی سیون، 8راکٹ لانچر، 3ہیوی مشین گن، 1820راونڈز، 2سیون ایم ایم رائفل، 12بور رائفل اور 2واکی ٹاکی سیٹ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ گرفتار ملزم کی نشاندھی پر برنس روڈ پر گلی نمبر 2میں بھی سیاسی جماعت کے دفتر کے عقب میں کارروائی کی گئی۔

کارروائی کے دوران زیر زمین دفن بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔ حکام کے مطابق اسلحے میں 14کلاشنکوف، 8ہزار گولیاں اور 50میگزین شامل ہیں۔