امریکا کا امارات سے فوجی تعاون کانیا معاہدہ، مزید اہلکار اور جنگی سامان بھجوایا جائیگا

May 19, 2017

دبئی (اے پی پی) امریکا نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ فوجی تعاون کے نئے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں، امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کرسٹوفر شرووڈ نے بتایا ہے کہ نیا فوجی معاہدہ اس معاہدے کی جگہ لےگا جو1994 میں دونوں ملکوں کے درمیان ہواتھا۔اس معاہدے کے مطابق امریکا متحدہ عرب امارات میں اپنے مزید فوجی اور جنگی ساز و سامان ارسال کرسکے گا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ فوجی معاہدہ متحدہ عرب امارات میں امریکا کی فوجی موجودگی اور ملک میں امریکا کے جنگی ساز وسامان کی تعیناتی کو واضح کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ امریکا کو اس بات کا امکان فراہم کرے گا کہ وہ ضرورت پڑنے پر متحدہ عرب امارات کے اندر اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے حالات کے مطابق زیادہ آزادانہ طریقے سے ردعمل کا مظاہرہ کرسکے گا۔