میرٹ کے راگ الاپنے والوں کی کرپشن کی فائلیں موجود ہیں ،خواجہ ہوتی

July 05, 2017

مردان ( نمائندہ جنگ ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد خان ہوتی نے کہاہے کہ میرٹ اورتبدیلی کے راگ الاپنے والوں نے کونسا تیر ماراہے ان کی کرپشن کی فائلیں میرے پاس ہیں ،اے این پی والے تو ایزی لوڈ والے تھے جبکہ پی ٹی آئی والے ڈبل لوڈ والے ہیں۔ ففٹی ففٹی کمیشن پر چارسال تک منہ بولے بھائیوں نے بالاخر سچ بولنا شروع کردیا ہے وہ حلقہ پی کے 30 کے علاقہ شنکر میں بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس میں ویلج ناظم ولی گل نے اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت اے این پی سے مستعفی ہو کر پی پی میں شمولیت اختیار کرلی خواجہ ہوتی نے نئے شامل ہونے والوں کو ٹوپیاں پہنائیں اورانہیں مبارک باد دی جلسے سے تحصیل کونسلر نواب زادہ عمر فاروق خان ہوتی ،تحصیل صدر ظاہر شاہ خان،یوتھ صدر حسین زادہ ،یوسی فاطمہ کے صدر عالمگیر خان اورخان زیب نے بھی خطاب کیا ۔خواجہ محمد خان ہوتی نے کہاکہ اقتدار میں آکر جیالوں کو نوکریاں دینے کے لئے قانون میں نرمی کریں گے میرٹ میرٹ کاراگ الاپنے والوں کے کرتوتوں سے لوگ بخوبی واقف ہیں۔ نوشہرہ میں کھلے عام نوکریاں بک رہی ہیں یہاں کے وزیرتعلیم اور ڈیڈک چیئرمین کے گٹھ جوڑ سے پوری دنیا واقف ہے کرپشن ،ٹھیکوں اور کمیشن کی خاطر دونوں کل تک بھائی تھے آج کمیشن پر دونوں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں آگئے ہیں دونوں ایک دوسرے کی پگڑییاں اچھال رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان کی کرپشن کی فائلیں میرے پاس محفوظ ہیں کچھ سے پردہ اٹھایاہے اور باقی وقت آنے پیش کروں گا۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہاکہ پی ٹی آئی والے فرشتے نہیں ان لوگوں نےتو کرپشن میں اے این پی کو بھی مات دے دی ہے وہ لوگ ایزی لوڈ تھے جبکہ نام نہاد تبدیلی والے ڈبل لوڈ ہیں وقت آنے پر قوم ان سے پائی پائی کا حساب لے گی ۔ ہم اقتدار میں آکر غریب عوام کی حالت زار بدلیں گے۔ جیالوں کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دیں گے پارٹی میں شریف اور محنتی کارکنوں کو عزت دی جائے گی جبکہ بدنما بننے والے افراد کو پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔