خوشبو سے جگانے والی الارم کلاک

August 18, 2017

فرانسیسی کمپنی نے ایک ایسی منفرد کلاک تیار کی ہے جو اپنے شور سے جگانے کی بجائے دلکش خوشبو سے جگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

صبح وقت پر جاگنے کے لیے عموماًسب الارم کا استعمال کرتے ہیںاور اس کی تیز آواز جب سماعتوں سے ٹکراتی ہے تو آنکھ کھل جاتی ہے۔

لیکن اکثر یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ کبھی کبھی اپنی پسندیدہ چیز کی خوشبو آنے سے بھی انسان کی آنکھ کھل جاتی ہے مثلاً صبح صبح چائے یا کافی کی مہک سانسوں سے ٹکرائے تو انسان اُٹھنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

اسی خیال کو استعمال کرتے ہوئے فرانسیسی کمپنی نے ایک جدید الارم کلاک ایجاد کی ہے جو روایتی الارم کی طرح شور نہیں مچاتی بلکہ آپ کی پسندیدہ خوشبو کو کمرے میں پھیلا دیتی ہے۔

اس منفرد کلاک میں جاگنے کا وقت مقرر کر دیں تو یہ صبح بالکل درست وقت پر اپنی تیز خوشبو کمرے میں پھیلا دیتی ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ کلاک 2 منٹ کے اندر اندر آپ کی نیند کو بھگا دے گی۔

اس کلاک کے لیے 7 مختلف خوشبوؤں کے کیپسول موجود ہیں، اس کے علاوہ کلاک خریدتے وقت اپنی پسند کی خوشبو بھی شامل کروائی جا سکتی ہے۔