پاکستانی فارماسسٹ برطانوی فارمیسی بورڈ کی پہلی مسلمان خاتون ممبر منتخب

October 18, 2017

پاکستانی نژاد برطانوی خاتون نادیہ بخاری برطانیہ کے قومی فارمیسی بورڈ (رائل فارماسیوٹیکل سوسائٹی) کی پہلی مسلمان اور پاکستانی خاتون ممبر منتخب ہوئی ہیں ۔

نادیہ بخاری کا خاندان کراچی سے تعلق رکھتا ہے، انہوں نے لندن یونیورسٹی کے سکول آف فارمیسی سے فارمیسی میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے کمیونٹی فارماسسٹ کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ، بعد ازاں لندن کے ایک ہسپتال میں کلینکل فارماسسٹ کی تعلیم حاصل کی اور اپنی تعلیم مکمل کرلی۔

نیشنل بورڈ کے انتخابات میں حصہ لینا ،نادیہ کے لئے ایک کٹھن مرحلہ تھا کیوں کہ رائل فارماسیوٹیکل سوسائٹی کے الیکشن میں ان کے مقابلے میں17امیدوار تھے، اس سوسائٹی میں تین قومی بورڈ ز انگلینڈ ، سکاٹ لینڈ اور ویلز شامل ہیں جو کہ اس باڈی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

یہی بورڈ ز حکومت کے لئے فارمیسی پالیسی طے کرتے ہیں، نادیہ پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن کی ایمبیسڈر بھی ہیں، جس کی معاونت حکومت پاکستان کرتی ہے ۔

نادیہ بخاری ہر سال پاکستان کا دورہ کرتی ہیں ، اپنی کامیابی پر انہوں نے پاکستانی شہریوں ، دوستوں ، رشتہ داروں اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے انہیں ووٹ دیا ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی وزارت صحت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہیں ، کیوں کہ پاکستان میں ہیلتھ کئیر پر خاص توجہ نہیں دی جاتی ۔