ٹرمپ کے اقدامات دنیا کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، ہلیری کلنٹن

October 18, 2017

واشنگٹن (نیوز ڈیسک)سابق امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ ڈونلڈٹرمپ کے اقدامات خطرناک ہیں جو پوری دنیا کے لئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ 2016ء میں امریکہ کے صدارتی الیکشن میںصدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں شکست سے دوچار ہونے والی ہلیری کلنٹن کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ روسی صدر نے 2016ء کے امریکی انتخابات میں براہ راست مداخلت کرتے ہوئے روسی انتظامیہ کو ان کے مقابلے میںڈونلڈٹرمپ کو کامیابی دلانے کی ہدایت دیں۔ سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے غلط اور مضحکہ خیز اقدامات دنیا بھر میں امریکی عوام کے لئے باعث ندامت ہیں۔ صدر ٹرمپ کے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے کی دھمکی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ہیلری کا کہنا تھا کہ امریکی صدر عالمی سطح پر امریکہ کو بدعہد اور بداعتماد بنا کر پیش کررہے ہیں۔