فلسطین، مشرق وسطیٰ کا بنیادی مسئلہ ہے،چین

October 19, 2017

چین نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے مزید اقدامات پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ اس تنازع کے جلد سیاسی حل کے لیے کوشش کی جائے۔

اقوام متحدہ میں چینی مشن کے قائمقام سربراہ وو ہائے تھاو نے کہا کہ مسئلہ فلسطین مشرق وسطیٰ میں مسائل کی ایک بنیادی وجہ ہے۔مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے مسئلہ فلسطین کا جلد سیاسی حل فلسطین اور اسرائیل کے بنیادی مفادات میں ہے جبکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سود مند ہے۔

چینی مندوب نے خبردار کیا کہ فلسطین،اسرائیل صورتحال انتہائی نازک ہے ، اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کے باعث تنازع شدت اختیار کر چکا ہے اور غزہ میں انسانی صورتحال تشویشناک ہے۔انہوں نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر اس مسئلے کے سیاسی حل کے لیے اقدامات پر زور دیا۔

چینی مندوب کے مطابق دو ریاستی حل کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں میں بھی اس کا مطالبہ کیا گیا ہے۔چینی مندوب نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں فریقین کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے ۔