ٹورنٹو:پی آئی اے کے طیارے سے تیل بھرنے والی گاڑی ٹکرا گئی

October 21, 2017

ٹورنٹو ایئر پورٹ پر تیل بھرنے والی گاڑی لاہور آ نے والی پی آئی اے کی پرواز PK798 کے انجن سے ٹکرا گئی، پی آئی اے کے مطابق پرواز کی روانگی میں 16گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے ۔

ترجمان پی آئی اےمشہود تاجور کے مطابق ٹورنٹو ایئر پورٹ پر تیل بھرنے والی گاڑی پی آئی اے کی پرواز PK798 کے انجن سے تیل کی فراہمی کے دوران ٹکرائی، پرواز PK798 نے ٹورنٹو سے لاہور آنا تھا۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گاڑی ٹکرانے سے طیارے کو نقصان پہنچا اور اسے ضروری مرمت کے لئے ہینگر میں پہنچا دیا گیا ہے۔

پرواز کی روانگی میں 16گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے جس کے باعث تمام مسافروں کو ہوٹل میں رہائش فراہم کر دی گئی ہے۔ PK798 اب ٹورنٹو سے پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 9 بجے روانہ ہو گی۔

گاڑی ٹکرانے کے واقعہ کے متعلق ٹورنٹو ایئر پورٹ پر پی آئی اے کو سروس فراہم کرنی والی کمپنی کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور اس واقعہ کے متعلق مقامی کمپنی سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔

ترجمان پی آئی اےمشہود تاجور کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اس زحمت اور تاخیر پر مسافروں سے معذرت خواہ ہے ۔