ہائی کورٹ میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے والا شخص گرفتار

November 06, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہائی کورٹ میں بم کی جھوٹی اطلاع دے کر خوف و ہراس پھیلانے والے شخص کو پریڈی پولیس نے گرفتار کرلیا،تفصیلات کے مطابق 3نومبر کی سہ پہر ڈھائی بجے نامعلوم شخص نے فون نمبر 0304.2767660سے مددگار 15پر اطلاع دی کہ اس نے ہائی کورٹ میں بم رکھ دیا ہے جو کہ کسی بھی وقت پھٹ جائے گا ،بم ڈسپوزل یونٹ نے سرچنگ کے بعد اطلاع کو جھوٹ قرار دیا تھا جسکے بعد پریڈی پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 527/17انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت درج کیا تھا،جس کے بعد ملزم کی تلاش شروع کردی گئی، پولیس نے بتایا کہ نمبر سے لوکیشن ٹریس کرتے ہو ئے اتوار کی صبح پولیس نے ملیر کے علاقے ساون گوٹھ گڈاپ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہو ئے ملزم پیر بخش ولد امام بخش کو گرفتار کرلیا ،پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے اور کہا کہ اس نے مذاق میں بم کی اطلاع دی تھی ،پولیس کے مطابق ملزم کا بڑا بھائی دو سال قبل قتل کے الزام میں جیل بھی کاٹ چکا ہے۔