خوشبوؤں کے شہر پیرس میں سجی ’ایک شام تعلیم کے نام‘

November 08, 2017

خوشبوؤں کے شہر پیرس میں ’ایک شام تعلیم کے نام‘ سے ایک شاندار تقریب اور پر وقار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔

مشاعرے کے مہمان خصوصی پاکستان کے طنز و مزاح کے معروف شاعر خالد مسعود خان تھےجبکہ صدارت کے فرائض نامور شاعر نقاد ،کالم و ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد نے انجام دئیے۔

تقریب کا اہتمام ’پیرس ادبی فورم‘ اور ’غزالی ایجوکیشن فورم‘ نے چودھری سعید سرور کے تعاون اور سرپرستی سے کیا۔

پروگرام کے ابتدائیہ کلمات غزالی ایجوکیشن فورم کے یورپ کے کو آرڈینٹر میاں محمد طیب نے ادا کیے۔

پروگرام کا آغاز طاہر عباس گورائیہ ںنے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ ہدیہ نعت محترمہ ستارہ ملک نے پیش کیا۔

پروگرام کے پہلے حصے میں غزالی ایجوکیشن فورم کے چیئرپرسن عامر محمودجعفری نے ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مزید وضاحت کے لیے ادارے کی کارکردگی پر مشتمل ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی ۔

یہ ادارہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کی تگ و دو میں مصروف عمل ہے اور اب تک پاکستان بھر میں 700 اسکول قائم کر چکا ہے۔

تقریب کے دوسرے حصے میں مشاعرے کا آغاز ہواجس کی نظامت کے فرائض پیرس ادبی فورم کی صدر سمن شاہ نے انجام دئیے۔

مزاحیہ معروف شاعر خالد مسعود خان نے اپنے کلام سے محفل زعفران کر دی۔ شرکاءان کی شاعری سے بہت محظوظ ہوئے۔

پروگرام کے دوسرے مہمان مایہ ناز شاعر امجد اسلام امجد نے بھی اپناکلام سنایا اور حاضرین محفل کے دل جیت لیے۔

پیرس ادبی فورم فرانس میں اردو زبان، تہذیب وتمدن اور ثقافت کے فروغ کے لیے عملی طور پر کئی سالوں سے کوشاں ہے۔

اب تک کئی عالمی مشاعرے ادبی نشستیں سمینار، شخصیات کا تعارف اور کتابوں کی رونمائی کی اس کے زیر انصرام ہوچکی ہیں۔