امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا حیدرآباد سندھ کا دورہ

December 06, 2017

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے امریکی و پاکستانی عوام کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے حیدرآباد سندھ کا دورہ کیا۔

قونصل جنرل گریس شیلٹن نے سندھ یونیورسٹی جامشورو کا دورہ کیا اور حال ہی میں تعینات کیے گئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے ملاقات کی۔

گریس شیلٹن نے یونیورسٹی کے معروف شعبے سندھولوجی کا بھی دورہ کیا۔

امریکی قونصل جنرل نے 3 دسمبر کو مختلف علاقوں کے سندھی عوام کے ساتھ مل کر سندھ کا یوم ثقافت منایا تھا۔

انھوں نے سندھ کے عوام کو مزید سراہتے ہوئے کہا کہ میں تمام سندھیوں کے لیے خوشحالی و امن کی دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شعبہ سندھولوجی کا دورہ میرے لیے اعزاز ہے اور مجھے خاص طور پر یہاں سندھی کا پہلا ٹائپ رائٹر دیکھ کر بہت خوشی ہوئی جو 1926ء میں نیویارک میں بنایا گیا تھا، یہ ٹائپ رائٹر دونوں عظیم قوموں کے دیرینہ تعلقات کا عکاس ہے۔

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے حیدرآباد میں ایک کنزیومر پروڈکٹ بنانے والی فیکٹری کا بھی دورہ کیا اور کمپنی کے سماجی بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔