برطانیہ : بیشتر حصے سردی اور برفباری کی لپیٹ میں،پروازیں منسوخ

December 10, 2017

لندن، برمنگھم، اسکاٹ لینڈ سمیت برطانیہ کے بیشتر حصے برفباری کی لپیٹ میں ہیں،جس کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں، ٹریفک کا نظام تعطل کا شکارہوگیا،اور سڑکوں پر پھسلن سے متعدد ٹریفک حادثات ہوئے۔

پیر کو موسم میں مزید شدت آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ویلز میں تیس سینٹی میٹر اور دیگر علاقوں میں اب تک گیارہ انچ تک برف پڑ چکی ہے، شمالی انگلینڈ میں اسی میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچلنے اور بارش اور مزید برفباری کا امکان بتایا گیا ہے۔

اسکاٹ لینڈ، ویلز سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی پندرہ تک گر سکتا ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے اور موسم کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، پروازوں، ٹرین اور ٹریفک کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے، عوام کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔