عمران نے بشریٰ بی بی کو شادی کی پیشکش کی ہے، پی ٹی آئی

January 07, 2018

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی تیسری شادی کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کو ابھی صرف شادی کی پیشکش کی ہے۔

تحریک انصاف کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بشریٰ بی بی نے عمران خان کی اس پیشکش پر حتمی جواب دینے کے لیے وقت مانگا ہے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ وہ خاندان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریںگی۔

تحریک انصاف کے مطابق اگر بشریٰ بی بی نے شادی کی پیشکش قبول کی تو عمران خان اس بات کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

اس موقع پر تحریک انصاف نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ دونوں خاندانوں کی نجی زندگی کا خیال رکھیں۔

دوسری جانب دی نیوز کے صحافی عمر چیمہ کا پروگرام ’لیکن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ سو نہیں، دو سو فیصد پراعتماد ہیں کہ عمران خان نے تیسری شادی کر لی ہے اور یہ شادی بشریٰ بی بی کے ساتھ ہی ہوئی ہے۔