ماڈل ٹائون کے شہدا کو انصاف ملنا چاہئے، احتجاج سے لوگوں کو اذیت اور کاروبار تباہ ہوتا ہے، سیاسی،سماجہ رہنمائوں کا ردعمل

January 18, 2018

ہیلی فیکس( زاہد انور مرزا) سیاسی، سماجی حلقوںنے لاہور میں اپوزیشن جماعتوںکی طرف سے دیئے جانے والے احتجاجی جلسے پر اپنے ملے جلے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون کے شہدائے کو انصاف ضرور ملنا چاہئے مگر احتجاج سے لوگوں کو اذیت اور کاروبار کو تباہ نہ کیاجائے۔ دھرنوںسے پی ٹی آئی اور ڈاکٹر طاہر القادری کچھ حاصل نہ کرسکے، لوگوں کے کاروبار تباہ ہوئے مگردونوں جماعتیں حکومت سے کوئی مطالبہ منظور کروانے میںکامیابی حاصل نہ کرسکی ان حلقوںکا مزید کہنا تھا کہ اب جبکہ الیکشن سر پر ہیںتو اس احتجاج کا کوئی جواز نہیںبنتا، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں راجہ امجد اقبال اور چوہدری ندیم قیصر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔ اس لئے احتجاج وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ماڈل ٹائون کے شہدا کو کئی سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہ مل سکا ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب قصور میںمعصوم بچی زینب کے ملزم کو ابھی تک گرفتار نہ کرواسکے جس سے پولیس سوالیہ نشان بن چکی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن نارتھ ویسٹ برطانیہ کے صدر اسد بٹ نے کہا کہ طاہر القادری کینیڈا سے چھٹیاںگزارنے کیلئے پاکستان چند ہفتوںکیلئے گئے ہیں پیپلزپارٹی کو پنجاب سمیت پورے پاکستان میں آئندہ آنے والے الیکشن میں اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے اور آصف زرداری اب طاہر القادری کو استعمال کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ چکوال کے الیکشن سے ان کو معلوم ہوجانا چاہئے تھا کہ عوام کی طاقت پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق بٹ کا کہنا تھا کہ حکومت احتجاج کرنے والوںکو اایک الگ جگہ فراہم کرے اس طرح کے احتجاجوں سے عوام کو اذیت اور کاروبار تباہ ہورہا ہے اپوزیشن ماڈل ٹائون کے نام پر سیاست چمکانے کی کوشش کررہی ہے جس سے ملک وقوم کا نقصان ہوگا۔پی ٹی آئی کی رہنما سیدہ عائشہ رضا نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور عوام کو انصاف فراہم کرنے میںمخلص نہیںہے ان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹائون اور مقتول زینب کے قاتلوںکو فوری گرفتار کیا جائے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا خوش آئند ہے۔ جنگ سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہد کا کہنا تھا کہ کیا یہ احتجاج حصول انصاف کیلئے ہے کیا ن لیگ کو اپنی طاقت اور جھوٹی سیاست چمکانے کے لئے ان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن کو چند ماہ بعد ہونے کو ہے الیکشن میں اپنی طاقت شعر کرنی چاہئے کیونکہ عوام کا فیصلہ سب کے سامنے ہوگا اس طرح ملک وقوم کا نقصان نہ کیاجائے،وقت آگیا ہے کہ ملک کیلئے کام کریں اور الیکشن کا انتظار کیاجائے۔