بھارت:پینتالیس پاکستانی زائرین امرتسر سے لاپتہ ،تلاش جاری

March 18, 2018

پاکستان سے بھارت جانے والے 45 زائرین کا وفد امرتسر سے لاپتہ ہوگیا، بھارتی انٹیلی جنس حکام کے مطابق ویزے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ زائرین امرتسر سے دوسرے شہروں میں چلے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سے بھارت پہنچنے والا زائرین کا گروپ ویزے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امرتسر سے دلی اور ہریدوار کیلئے نکل گیا ہے، مقامی افراد نے انھیں بھارتی سم کارڈز اور ٹیکسیاں فراہم کی ہیں۔

انٹیلی جنس حکام کے مطابق امرتسر میں پاکستان سے 20 روزہ دورے پر آنے والے 45 زائرین لاپتہ ہوگئے ہیں، بھارتیوں کی طرح نظر آنے والے ان زائرین کو ہجوم میں پہچاننا مشکل ہے۔

دوسری جانب انسانی حقو ق کے سرگرم رکن نے سفری بے قاعدگیوں پر انکوائری کا مطالبہ کیا ہے، رکن نے پاکستانی زائرین کو بھارتی سم کارڈز دیئے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔