کوئٹہ میں آنکھ کی پیوندکاری کاباقاعدہ آغازہوگیا

April 08, 2018

کوئٹہ میں آنکھ کے شفاف پردے یعنی کارنیاکی پیوندکاری کاآغازفلاحی شعبےمیں ایک ٹرسٹ کےتحت کام کرنےوالےاسپتال ایل آربی ٹی میں ہوگیا۔

اس اسپتال میںپہلی بار گذشتہ روز بلوچستان سےتعلق رکھنےوالے پانچ مریضوں کی کارنیا کی پیوندکاری کی گئی، مریضوں میں تین خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

کارنیاکی پیوندکاری اسپتال کےانچارج اور ممتاز ماہر امراض چشم ڈاکٹرسعیدخان کی سربراہی میں اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم اور عملےنے سرانجام دی۔

اس حوالےسے خاص بات یہ ہے کہ سرجری میں استعمال کئے گئے کارنیانارتھ امریکہ سےپاکستانیوں کی فزیشنزایسوسی ایشن کی جانب سے عطیہ کئے گئے تھے،اور کارنیا کی سرجری مفت کی گئی ۔

سرجری کےبعد مریضوں کو ادویات بھی مفت ہی فراہم کی گئیں،پیوند کاری کرنے والے ڈاکٹرسعید خان کا کہناتھا کہ نارتھ امریکہ سےپاکستانی فزیشنزنےہرماہ پانچ کارنیاعطیہ کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ کوئٹہ میں کارنیاکی پیوندکاری سےآنکھوں کےمریضوں کوبےحدفائدہ ہوگا،اس سے پہلے کارنیا کی پیوندکاری کےلئے مریضوں کو کراچی،لاہور یادیگر بڑے شہروں کارخ کرناپڑتاتھامگر اب یہ سہولت کوئٹہ میں دستیاب ہوگئی ہے۔

ڈاکٹرسعید خان کا یہ بھی کہناتھا کہ ایل آر بی ٹی بلوچستان میں امراض چشم کے مفت علاج معالجہ کامشن آئندہ بھی جاری رکھے گا۔