’’پانی نہ ملا تو اسمبلی کے سامنے خودکشی کرلوں گا ‘‘

April 19, 2018

ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی نے اپنے حلقے میں مسائل کے حل کے لیے خودکشی کی دھمکی دے دی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کامران اختر نے اپنے حلقے بلدیہ ٹاؤن میں پانی کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کیا۔

بعدازاں اسمبلی کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اختر نے خودکشی کی دھمکی دی،ان کا کہنا ہے کہ بلدیہ کو پانچ سال سے مسلسل نظر انداز کیا گیا، جواب دیا جائےکہ علاقے میں پانی کیوں فراہم نہیں کیا جارہا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کہا کہ بلدیہ ٹاون کوپانی نہ ملا تو سندھ اسمبلی کے باہر خودکشی کرلوں گا اور میری موت کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہوں گے۔

علاوہ ازیں رابعہ قتل کیس کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خرم شیرزمان نے علامتی واک آؤٹ کیا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ دعا کے وقت پر علامتی واک آؤٹ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران متعدد اپوزیشن اور حکومتی بینچز خالی تھیں،166 کے ایوان میں 50 سے بھی کم ارکان موجود تھے۔