ورلڈ کپ:اسپین نے ایران کو ایک گول سے ہرادیا

June 21, 2018

فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں گروپ ’بی‘ کے ایک میچ میں اسپین نے ایران کو ایک گول سے شکست دے دی۔ میچ کا واحد گول ڈیاگو کوسٹا نے کیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

پہلے ہاف میں 80 فیصد سے زائد وقت بال ہسپانوی کھلاڑیوں کے قبضے میں رہی، اس کے باوجود گول نہ کرسکے، یوں ہاف کا اختتام بغیر کسی گول کے برابری پر ہوا۔

دوسرے ہاف کے 54 ویں منٹ میں ہسپانوی ٹیم نے بھرپور حملہ کیا اور اسٹرائیکر ڈیاگو کوسٹا نے بال حریف ٹیم کے گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔

ایران نے گول برابر کرنے کی ہرممکن کوشش کی لیکن کامیابی نہ مل سکی، یوں میچ ایک گول سے اسپین کی جیت پرختم ہوا۔

گروپ ’بی‘ میں پرتگال اور اسپین کے چار، چارجبکہ ایران کے تین پوائٹس ہیں، مراکش اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکا۔

ایران کی ٹیم اہم ترین میچ میں 25جون کو پرتگال کا سامنا کرے گی جبکہ اسپین کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔