سازشوں کے ثبوت دوں گا،عمران مقبول ہیں تو اتنی سہولتوں کی کیا ضرورت،بلاول بھٹو

July 19, 2018

لالہ موسیٰ(ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ وہ سازشیں کرکے وزیر اعظم بن سکتے ہیں لیکن وہ ان سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے،میں ان سازشوں کے ثبوت دوں گا‘کپتان شفاف الیکشن سے ڈرتے ہیں‘اگر وہ اتنے ہی مقبول ہوتے تو انہیں اتنی سہولتیں دینے کی کیا ضرورت ہے ‘ن لیگ اور پی ٹی آئی آمرکی پیداوارہیں‘کالعدم تنظیموں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینا قابل مذمت ہے‘ ہمیں نظریے کی سیاست کو مرکزی حیثیت دلوانی ہو گی، گالم گلوچ کی سیاست کے خاتمے کیلئے قوم کا ساتھ، طاقت اور ووٹ کی ضرورت ہے‘اگر بھارت میں 26 فصلوں کی امدادی قیمت مل سکتی ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں؟ ۔ نون لیگ اور پی ٹی آئی آمر کی پیداوارہیں۔وہ گزشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلے میں منڈی بہائوالدین میں جلسے سے خطاب اور لالہ موسیٰ میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ عمران خان صاف اور شفاف انتخابات سے ڈرتے ہیں اور اس لیے کٹھ پتلی اتحاد بنانے کی کوشش کی جارہی ہے‘ اگر عمران خان معروف ہوتے یا سیاست میں جگہ رکھتے تو پھر کیوں انہیں اتنی اہمیت دی جاتی، عمران خان صاف اور شفاف انتخابات سے اس لیے ڈرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اس طرح مقابلہ نہیں کرسکتے‘ لاڈلے کی گالم گلوچ والی سیاست سے مستقبل میں ملک کو نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنی خواہش کے مطابق جسے چاہیں ووٹ دیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم تمام سازشوں کوناکام بنائیں گے ‘ ہمارے جیالے اور کارکنان سازشوں کا سامنا کرنے کو تیار ہیں‘ہم بے نظیر بھٹو کے فلسفے پر چلتے ہوئے مثبت سیاست کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کئی لیڈر بنائے جو ہمیں چھوڑ گئے، میں نظریے کی سیاست کر رہا ہوں، مجھے جانے والوں کی پرواہ نہیں‘چاہے کوئی ساتھ ہو یا نہیں، میں اکیلا بھی رہ گیا تب بھی جدوجہد جاری رکھوں گا، پوری دنیا بھی میرے ساتھ نہیں ہو گی، تب بھی میں جدوجہد کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ اور پی ٹی آئی دونوں آمروں کی پیداوار ہیں، ایک ضیا کی پیداوار ہے تو دوسری مشرف کی پیداوار ہے۔ سامارو سے نامہ نگارکے مطابق کوٹ غلام محمد میں ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوکا کہناتھاکہ جی ڈی اے میں سیاسی یتیم جمع ہیں‘ انہوں نے کہاکہ مجھے بہت کم وقت ملا ہے اور میں جانتا ہوں سندھ میں کرنے کو بہت کچھ ہے،اب میں خود آپ کے مسائل حل کروں گا‘ہمارے خلاف اتحاد بنانے والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں ‘سندھ کے عوام ان جعل سازوں کو ایک بار پھر شکست دیں گے‘ بلاول نے کہا کہ میں بھی ایک زرعی خاندان سے تعلق رکھتا ہوں میرے دل میں کسانوں کا درد ہے‘بلاول بھٹو نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ سندھ میں سب کچھ اچھا ہو گیا ہے مگر اتنا بھی برا نہیں کہ مخالفین اسے برا بنا کر پیش کریں،سب جانتے ہیں کہ ہمارے مخالفین نے تھر کی خشک سالی کو بدحالی بنا کر سندھ کو بدنام کیا‘سندھ میں نام نہاد قوم پرستوں نے عوام کو محرومیوں میں رکھنے کی کوشش کی اور مذہب کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے کبھی انتہا پسندی پھیلائی اور کبھی فنکشنل لیگ اور ایم ایم اے کا لبادہ اوڑھ کر عوام کو دھوکہ دیا مگر اس کا نتیجہ ڈکٹیٹر کی وردی کو وردی دینے کی صورت میں نکلا۔