آفریدی کو ’بوم بوم‘ کا خطاب کس نے دیا؟

August 28, 2018
 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہدآفریدی کو ’بوم بوم‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔انہیں یہ خطاب کس نے دیا؟ اس راز سے پردہ کسی اور نے نہیں، خود شاہد آفریدی نے اُٹھایا ہے۔

شاہد آفریدی سے ان کے ایک مداح نے ٹوئٹر پر پوچھا کہ انہیں ’بوم بوم‘ کاخطاب کس نے دیاتھا؟ اس کے جواب میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ انہیںیہ خطاب بھارت کے معروف کرکٹر روی شاستری نے دیا تھا۔

ایک اور مداح کے جواب میں ’بوم بوم‘ آفریدی نے بتایا کہ وسیم اکرم اور گلین میگرا ان کے پسندیدہ بولر ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہاکہ وہ ’اے بی ڈولیئرز‘کو بولنگ کرنا پسند کریں گےجبکہ وہ انڈین اوپنر وریندر سہواگ کو بھی بولنگ کرنا پسند کرتے تھے۔

آفرید ی نے 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے اپنے کیریئر میں 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے، اور 99 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔انہوںنے 398 ون ڈے میچوں میں چھ سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8064 رنز بنائے۔

ٹی ٹوئنٹی میں شاہد آفریدی نے 1416 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی انے پنے ٹیسٹ کیریئر میں پانچ سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1716 رنز بنائے۔ انہوںنے اکتوبر 1996 میں کینیا کے خلاف اپنے کیریئر کے پہلے ون ڈے میچ میں صرف 37 گیندوں پر سنچری بنا کر دُنیائے کرکٹ میں دھوم مچادی تھی۔


مکمل خبر پڑھیں