’کراچی نے عامر لیاقت کو نہیں، عمران خان کو ووٹ دیا‘

August 29, 2018

پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے عامر لیاقت کے پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک نہیں بلکہ پروگریسو بلاک ہے، کراچی نے عامر لیاقت کو نہیں عمران خان کو ووٹ دیا۔

سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت ہائپ پیدا کرلیتے ہیں ہم ان کو منالیں گے،انہوں نے کراچی کے جلسے میں بھی کہا کہ وہ تقریر کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ سب وزارت کے لیے کررہے ہیں تو بہت غلط ہے، 22 سال سے عمران خان کے ساتھ ہوں کبھی ان سے وزارت نہیں مانگی۔

فیصل جاوید نے کہا کہ کراچی نے 2013 اور 2018 میں ووٹ عمران خان کودیا، کراچی نے عامر لیاقت کو ووٹ نہیں دیا، عمران خان عامر لیاقت کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کر دیتے تو وہ بھی جیت جاتا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کےممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پی ٹی آئی کا فارورڈ بلاک بننے کا دعویٰ کیا ہے اور یہ بھی کہا کہ کراچی کے عوام نے عمران خان کو نہیں بلکہ انہیں ووٹ دیا ہے۔

عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اسٹیٹس کو اور پروٹوکول وغیرہ کی شدید مخالف رہی ہے، ڈچ وزیر اعظم کے سائیکل پر سفر کی مثالیں بھی عمران خان صاحب کی جانب سے متعدد بار دی گئی ہیں مگر کیا وجہ ہے کہ کفایت شعاری کے اعلانات کے باوجود حکومت پرٹوکول کلچر کیوں ختم نہیں کر پا رہی؟