سانحہ 12 مئی ،تحقیقات کیلئےجے آئی ٹی بنانے کا حکم

September 11, 2018

سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے سندھ ہائیکورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم جاری کرتے ہو ئے جوڈیشل ٹریبونل بھی بنانے کا حکم دیا ہےجبکہ ختم کئے جانے والے 65 مقدمات دوبارہ کھولنے کا بھی حکم جاری کیا۔

سانحہ12مئی کے حوالے سے در خواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہو ئی ،جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی ،دوران سماعت دو رکنی بینچ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ان مقدمات کی مانیٹرنگ کےلئے جج مقرر کرنے کی سفارش کی جبکہ متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

بنچ نے اس معاملے پر جے آئی ٹی بنانے کے حکم کے ساتھ تحقیقات کیلئے جوڈیشل ٹریبونل بھی بنانے کا حکم دیاجبکہ ختم کئے جانے والے 65 مقدمات دوبارہ کھولنے کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے رواں سال 12 مئی کواس مقدمےکو تین ماہ میں نمٹانے کاحکم دیا تھا۔