پولیس نے صوبائی دارالحکومت کیلئے سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا

September 12, 2018
 

پشاور ( کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے حوالے سے تما م انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے اعلامیہ کے مطابق محرم الحرام کے دوران 9 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار وں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جلوسوں کے راستوں کی چار مرتبہ بم ڈسپوزل یونٹ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کی جائے گی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام راستوں ، جلوسوں اور دیگر اہم و حساس مقامات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مشتبہ افراد پر بھی نظر رکھی جائے گی جلوسوں کی گزر گاہوں میں موجود تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکاروں کے ساتھ ساتھ گن پوسٹ اور پلگنگ پوائنٹس پر بھی اہلکار تعینات کئے جائیں گے محرم کے دوران شہرکی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے بکتر بند گاڑیاں بھی حساس مقامات پر موجود رہیں گی جبکہ ایس سی یو، آر آر ایف، اے ٹی ایس ، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کے ساتھ ساتھ ڈی ایس بی کے جوان بھی سکیورٹی کو موثر بنانے کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے محرم کے دورا ن ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک اہلکار تعینات رہیں گے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے جس کے دوران شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کا سختی سے چیکنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ شہر میں افغان مہاجرین کے داخلہ پر بھی مکمل پابندی لگائی گئی ہے اندرون شہر کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے محرم کے آخری ایام میں تمام گاڑیوں کے داخلہ پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ شہر بھر کے سرائیوں، گیسٹ ہاوسز اور ہوٹلز میں رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا بھی چیک کرنے کا عمل جاری ہے اسی طرح محرم الحرام کے دوران جلوسوں ، امام بارگاہوں او ر حساس مقامات سمیت شہر بھر کی مانیٹرنگ کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ سپریم کمانڈ پوسٹ قائم کر دی گئی ہے جس میں بی ڈی یو، لیڈیز پولیس ،ڈی ایس بی، ایمبولینس، ریسکیو1122 ، ضلعی انتظامیہ کے اہلکار اوردیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے افسران و اہلکار ہمہ وقت موجود رہیں گے۔


مکمل خبر پڑھیں